رپورٹ: رفیق انجم
سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، اس کے بعد منقبت کا سلسلہ شروع ہوا۔ پروگرام میں علماء کرام نے ملت پاکستان کو مبارکباد دی، آخر میں مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال نے آج ملت پاکستان اور ملت تشیع کو ایک بہت بڑی فتح نصیب کی ہے، اس فتح پر آپ سب احباب کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان میں امام خمینی کے فرزند، شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے بعد تکفیریوں نے ہمیں دیوار سے لگانے کی پوری کوشش کی، لیکن آج افکار شہید قائد نے ایک مرتبہ پھر تکفیریوں کو دندان شکن شکست دی ہے۔
شہید قائد کے راستے پر چلتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب نے نظریاتی سیاست کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ مدتوں بعد آج ملت پاکستان کو شہید قائد کے ایک بابصیرت شاگرد کی صورت میں ایک سینیٹر نصیب ہوا ہے۔ یہ شہید قائد کے مشن کو آگے بڑھانے میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ قم المقدس کے دور میں راجہ صاحب شہید قائد کے دست بازو ہوا کرتے تھے۔ مجلس وحدت مسلمین ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جو امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور شہید قائد کے افکار سے تشکیل پایا ہے۔
ان شاء اللہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کے سینیٹر منتخب ہونے سے ملکی و قومی سیاست میں نظریاتی سیاست کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ راقم الحروف نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین کو ان کے افکار و نظریات کی روشنی میں جیسا پایا ہے اور ان کے بارے میں جو آرا سنی ہیں، اس سے یہ واضح طور پر نظر آرہا ہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب جہاں دیگر محاذوں پر بطور سینیٹر اپنی افادیت دکھائیں گے، وہیں فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں کیلئے بھی مؤثر طریقے سے آواز بلند کریں گے۔