0
Sunday 31 Mar 2024 01:02

ادارہ الباقر کیطرف منعقدہ ’’قدس افطار ڈنر‘‘ کا احوال

ادارہ الباقر کیطرف منعقدہ ’’قدس افطار ڈنر‘‘ کا احوال
ترتیب و تدوین: سید عدیل زیدی

غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت اور عالمی یوم القدس قریب آنے کیساتھ ساتھ صیہونی مظالم کیخلاف اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں کانفرنسز، سیمینارز اور مذاکروں سمیت مختلف پروگرامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی تناظر میں بین الاقوامی ادارہ ’’الباقر‘‘ کی طرف سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ’’قدس افطار ڈنر‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بطور مہمان خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔ علاوہ ازیں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی، رکن قومی اسمبلی حمید حسین، علامہ سید ابن حسن، علامہ چوہدری ضیغم عباس سمیت مقامی سیاسی، سماجی اور علمی شخصیات نے شرکت کی۔ ادارہ الباقر کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے معزز مہمانان گرامی کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کے نمائندے ڈاکٹر سید ابن حسن بخاری نے ادارے کے اغراض و مقاصد اور ادارہ الباقر کی علمی، فلاحی اور تبلیغی خدمات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ بین الاقوامی ادارہ الباقر کے قدس افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ تزویراتی اعتبار سے غاصب اسرائیل فلسطینیوں کے مقابلے میں یہ جنگ ہار چکا ہے اور پہلے سے کئی گنا زیادہ قابل شکست اور کمزور ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بعض مسلمان کے خائن حکمران اس وقت غاصب اسرائیل کی مدد جیسے قبیح جرم کے مرتکب نہ ہوتے تو غاصب صیہونی ریاست فلسطینی لبنانی، عراقی اور یمنی مزاحمت کاروں کے سامنے تاب نہیں لا سکتی تھی۔

قدس افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ فلسطینی مزاحمت کار امت مسلمہ کی ناموس اور غیرت کی جنگ لڑ رہے ہیں، غاصب صیہونی فلسطینی مزاحمت کاروں کے مقابلے میں ہار چکے ہیں۔ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے غزہ پر جاری صیہونی بربریت کو معاصر کا بدترین انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی ایک بڑی امید پاکستان سے ہے، وہ پاکستان کو ایک غیرت مند اور باحمیت قوم کے طور پر دیکھتے اور ایک ایٹمی ملک اور طاقتور دفاعی ادارے ہونے کے ناطے پاکستان کو اپنی امیدوں کا محور سمجھتے ہیں۔ لیکن پاکستان پر مسلط حکمران فلسطینی بھائیوں کی امیدوں پر پورا نہیں اترے بلکہ مسئلہ فلسطین میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہورہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر فلسطینی بھائیوں کے لیے بطور خاص اور دنیا بھر کے مظلوموں اور محکوموں کے لیے دعا کی گئی۔

یاد رہے کہ ادارہ الباقرؑ تبلیغ دین اور سماجی خدمت کا ایک وسیع نیٹ ورک ہے، جس کے زیر اہتمام تبلیغ دین اور سماجی خدمت کے متعدد پروجیکٹس چل رہے ہیں۔ ادارہ الباقرؑ کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ دمشق میں مدرسہ علمیہ امام محمد باقرؑ، قم المقدس میں باقرالعلوم انسٹیٹیوٹ، پاکستان میں تبلیغ و ترویج دین کے لیے مجلس علماء امامیہ (شعبہ تبلیغات)، فلاح و بہبود کی غرض سے باقرالعلومؑ سوسائٹی پنجاب (ر) اور خاتم الانبیاء کمپلیکس، تحقیق و تصنیف کی غرض سے الباقر مرکز تحقیقات و مطالعات (ر) اور کتب کی اشاعت کے لیے الباقرؑ پبلی کیشنز جیسے ذیلی ادارے کام کر رہے ہیں۔ اس ادارہ کے روح رواں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1125922
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش