تحریر: سید تنویر حیدر
ایران کی تقویمِ تاریخ سے اڑھاٸی ہزار سالہ شہنشاہیت اور آمریت کا نقشِ کہن مٹنے کے بعد ضرورت اس امر کی تھی کہ خطہء ایران کو ایک ایسا نظام زندگی دیا جائے، جس کا ڈھانچہ اسلام کے ارفع و اعلٰی اصولوں پر استوار ہو۔ دوسرا یہ کہ یہ نظام عوام کے جسموں پر مسلط نہ کیا جائے بلکہ اس کی تشکیل اور صورت گری میں اکثریتی عوام کی رائے کا آب و رنگ شامل ہو۔ چنانچہ نظام مملکت کو چلانے کے لیے جو آٸین متشکل کیا گیا، اس کی منظوری کے لیے یکم اپریل 1979ء کو براہ راست عوام سے رجوع کیا گیا اور لوگوں کی رائے جاننے کے لیے ایک عوامی استصواب رائے کا اہتمام کیا گیا۔
عوام نے مکمل آزادی اور بھاری اکثریت کے ساتھ اس ریفرنڈم میں اسلامی نظام کے حق میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ یوں عوام کی مرضی اور منشاء سے ایک شاہی ایران، آٸینی طور پر اسلامی اور جمہوری ایران بن گیا۔ آج اسلامی جمہوری ایران کو معرضِ وجود میں آئے ہوئے اور اپنا ارتقاٸی سفر طے کرتے ہوئے 45 سال گزر چکے ہیں۔ اس عرصے میں حکومتِ اسلامی کے راستے میں کئی قسم کی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، لیکن یہ سفینہ اپنے راستے میں بننے والے ہر گرداب کا سینہ چاک کرتے ہوئے اپنے ساحلِ مقصود کی طرف رواں دواں رہا۔
آج سے تقریباً نصف صدی قبل امامِ راحل، امامِ خمینی نے ایران کی کشتِ ویراں میں جس فکر کا بیج بویا تھا، اس کی تخم ریزی سے اگنے والے گلِ سرسبد کی خوشبو آج فضا در فضا مسلسل سوچ کی وادیوں کی پیماٸی کر رہی ہے۔ آج دنیا کے ہر چمن کے دروازے پر بہار انقلاب دستک دے رہی ہے اور خزاں ہر گلشن سے اپنا رخت سفر باندھ رہی ہے۔ یہ انقلاب اسلامی کا فیض ہے کہ آج دنیا کے تمام مستضعف تمام مستکبرین کے مقابلے میں ایک محور مقاومت تشکیل دے چکے ہیں۔ یہ انقلاب اسلامی کا اعجاز ہے کہ کل تک جو طاقتیں مظلوم اقوام کی قسمتوں کے ذاٸچے ترتیب دیتی تھیں، آج خود ان کی قسمت کا ستارا ڈوبتا ہوا نظر آرہا ہے۔
آج تمام یہود و نصاریٰ باہم مل کر بھی اقصیٰ کے سینے سے اٹھنے والے طوفانِ بلا خیز کے آگے بند باندھنے سے قاصر ہیں۔ آج ایک بار پھر خیبر کا میدان سج گیا ہے۔ اس نئی رزم گاہ خیبر میں آج بھی فتح کا پرچم ان کے ہاتھوں میں ہے، جو وارثانِ خیبر شکن ہیں۔ آج یکم اپریل جہاں ”یوم اسلامی جمہوریہ“ ہے، وہاں یہ ایام اس امیرالمٶمنین اور خلیفة المسلمین کی شہادت کے ایام بھی ہیں، جسے رسول اللہ کی رحلت کے بعد اسلامی اور جمہوری اصولوں کے تحت منتخب کیا گیا تھا۔
جمہوری اسلامی ما جاوید است
دشمن زحیات خویشتن نومید است
آن روز کہ عالم ز ستمگر خالی است
ما را و ہمہ ستمکشان را عید است
امام خمینی