0
Wednesday 3 Jun 2026 23:47

امام بارگاہ: بلتستان کی روح، شناخت اور محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام کی زندہ علامت

امام بارگاہ: بلتستان کی روح، شناخت اور محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام کی زندہ علامت
تحریر: آغا زمانی

بلتستان کی سرزمین برف پوش پہاڑوں، صاف شفاف دریاؤں، سرسبز وادیوں اور دلکش مناظر کے باعث دنیا بھر میں اپنی ایک منفرد پہچان رکھتی ہے، لیکن اگر اس خطے کی اصل روح، تہذیب اور شناخت کو ایک لفظ میں بیان کرنا ہو تو وہ لفظ ''امام بارگاہ'' ہے۔ بلتستان کے کسی بھی گاؤں، محلے یا بستی میں داخل ہوں، آپ کو مسجد کے ساتھ یا اس کے قریب ایک امام بارگاہ ضرور نظر آئے گی۔ یہ عمارت کے ساتھ ساتھ ایک ایسی روحانی درسگاہ ہے جس نے صدیوں سے یہاں کے لوگوں کے عقائد، افکار، اخلاق اور طرزِ زندگی کی آبیاری کی ہے۔ حال ہی میں وادی چُنداہ کی ایک سادہ اور قدیمی امام بارگاہ کو دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ بظاہر یہ ایک عام سی عمارت تھی، مگر اس کی دیواریں تاریخ کے کئی ابواب اپنے اندر سمیٹے ہوئے تھیں۔ اس کی خاموش فضا گویا ان مجالس، عزاداریوں، دعاؤں، مناجاتوں اور ذکرِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام کی گواہی دے رہی تھی جو نسل در نسل یہاں منعقد ہوتی رہی ہیں۔ اس منظر نے یہ احساس مزید گہرا کر دیا کہ امام بارگاہ دراصل بلتستان کی دینی، ثقافتی اور اجتماعی زندگی کا مرکز ہے۔

بلتستان میں اسلام کی آمد کے بعد اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کی محبت نے یہاں کے لوگوں کے دلوں میں ایسی جگہ بنائی کہ وقت گزرنے کے ساتھ یہ محبت ایک مضبوط تہذیبی شناخت میں تبدیل ہوگئی۔ یہاں کے لوگوں نے نہ صرف اہلِ بیت علیہم السلام کے عقائد کو اپنایا بلکہ ان کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ بلتستان کے گاؤں گاؤں میں امام بارگاہیں تعمیر ہوئیں اور یہ مراکز دین، اخلاق اور اجتماعیت کے ستون بن گئیں۔ امام بارگاہوں میں سال بھر چہاردہ معصومین علیہم السلام کی ولادتوں اور شہادتوں کی مناسبت سے محافل اور مجالس منعقد ہوتی ہیں۔ علماء اور ذاکرین اہلِ بیت کی سیرت، کردار، عبادت، علم، تقویٰ، قربانی اور اسلام کی سربلندی کے لیے ان کی عظیم جدوجہد کو بیان کرتے ہیں۔ ان محافل میں صرف مذہبی معلومات ہی نہیں دی جاتیں بلکہ لوگوں کو صبر، شکر، عدل، امانت، دیانت، اخوت اور انسانی خدمت کا درس بھی دیا جاتا ہے۔

بلتستان کی دینی زندگی کا سب سے نمایاں اور پراثر پہلو ماہِ محرم الحرام ہے۔ یکم محرم سے دس محرم بلکہ اس کے بعد بھی امام بارگاہوں میں عزاداری کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ ذکرِ مصائبِ سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام، شہدائے کربلا اور وفادار اصحابِ حسینؑ کی قربانیوں کا تذکرہ کیا جاتا ہے۔ جب خطیب کربلا کے میدان کی داستان سناتا ہے تو سامعین کی آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں۔ گویا چودہ سو سال کا فاصلہ سمٹ جاتا ہے اور ہر شخص خود کو کربلا کے میدان میں محسوس کرنے لگتا ہے۔ بلتستان میں عزاداری سید الشہداء محض ایک رسم ہی نہیں بلکہ ایک زندہ ثقافت ہے۔ یہاں کے بزرگوں کی زندگیوں میں محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام اس طرح رچی بسی ہے کہ آج بھی بہت سے دیہاتوں میں بزرگ نمازِ فجر کے بعد ایک مرثیہ یا نوحہ پڑھ کر اپنے دن کا آغاز کرتے ہیں۔ صبح کی خاموش فضا میں اہلِ بیتؑ کے مصائب کا تذکرہ دلوں کو نرم کرتا اور انسان کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ یہ روایت اس بات کی دلیل ہے کہ محبتِ اہلِ بیتؑ یہاں صرف مجالس تک محدود نہیں بلکہ روزمرہ زندگی کا حصہ ہے۔ بلتستان کی تاریخ گواہ ہے کہ اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات نے یہاں کے معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس خطے کے لوگ امن پسند، مہمان نواز، ملنسار اور ایثار و اخوت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ 

دور دراز پہاڑی علاقوں میں آج بھی اگر کوئی مسافر آجائے تو لوگ اسے اپنے گھر کا فرد سمجھ کر اس کی خدمت کرتے ہیں۔ ضرورت مند کی مدد کرنا، پڑوسی کے دکھ درد میں شریک ہونا اور اجتماعی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا یہاں کی نمایاں روایات ہیں۔ خواتین کے احترام اور اسلامی اقدار کی پاسداری بھی بلتستانی معاشرے کی ایک اہم خصوصیت ہے۔ بزرگ نسل نے اہلِ بیت کی تعلیمات کی روشنی میں عزت، حیا، احترامِ انسانیت اور خاندانی نظام کی حفاظت کو اپنی ثقافت کا حصہ بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں آج بھی خاندان، رشتے اور سماجی روابط مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔ امام بارگاہیں عبادت اور عزاداری کے مراکز کے ساتھ ساتھ سماجی تربیت گاہیں بھی ہیں۔ ماضی میں جب جدید تعلیمی ادارے کم تھے، یہی امام بارگاہیں نوجوانوں کی دینی اور اخلاقی تربیت کا مرکز تھیں۔ یہاں قرآن کی تعلیم دی جاتی، دینی مسائل سکھائے جاتے اور معاشرتی ذمہ داریوں کا شعور پیدا کیا جاتا تھا۔ آج بھی یہ کردار کسی نہ کسی صورت میں جاری ہے۔ یہ حقیقت بھی قابلِ غور ہے کہ بلتستان کے لوگوں نے اپنی تمام تر سادگی کے باوجود محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام کے چراغ کو ہمیشہ روشن رکھا۔ سخت سردیوں، دشوار گزار راستوں اور محدود وسائل کے باوجود مجالس، جلوس اور مذہبی اجتماعات کا سلسلہ کبھی منقطع نہیں ہوا۔ یہی استقامت اس خطے کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

جب ہم وادی چُنداہ کی اس سادہ امام بارگاہ کو دیکھتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ اس کی اصل خوبصورتی اس کے پتھروں، لکڑیوں یا تعمیر میں نہیں بلکہ ان آنسوؤں میں ہے جو یہاں امام حسین علیہ السلام کی یاد میں بہائے گئے، ان دعاؤں میں ہے جو یہاں مانگی گئیں اور ان دلوں میں ہے جو یہاں محبتِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام سے روشن ہوئے۔ آج کے دور میں جب مادیت اور خود غرضی دنیا بھر میں بڑھ رہی ہے، بلتستان کی امام بارگاہیں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ انسان کی اصل عظمت دولت یا طاقت میں نہیں بلکہ ایمان، اخلاق، محبت اور خدمتِ خلق میں ہے۔ یہی وہ پیغام ہے جو اہلِ بیت علیہم السلام نے دیا اور جسے بلتستان کے لوگوں نے اپنی زندگیوں کا حصہ بنایا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآنِ مجید اور اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کی تعلیمات کو صحیح معنوں میں سمجھنے، ان پر عمل کرنے اور آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، تاکہ محبت، اخوت، امن اور انسانیت کا یہ چراغ ہمیشہ روشن رہے۔ آمین بحق محمد و آلِ محمد علیہم السلام۔
خبر کا کوڈ : 1283685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش