اسلام ٹائمز۔ سکردو میں عاشورہ اسد عقیدت و احترام اور مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔ عاشورہ کا مرکزی اجتماع گمبہ سکردو میں ہوا جہاں علم، تابوت، شبیہ، ذوالجناح اور تعزیے کے 16 چھوٹے بڑے ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔ عاشورہ اسد کے مرکزی اجتماع میں ایک لاکھ کے قریب عزاداران امام مظلوم نے شرکت کی اور حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کو ان کے لال کا پرسہ دیا۔ عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ صادق آباد گمبہ سکردو سے برآمد ہوا۔ راستے میں دوسرے ماتمی دستے اس میں شریک ہوتے رہے، تمام ماتمی جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے خانقاہ معلیٰ گمبہ سکردو میں پہنچ کر زیارت شہدائے کربلا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔ اسد عاشورا میں وزیر اعلی ٰگلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ بھی شریک ہوئے۔ جلوسوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔