اسلام ٹائمز۔ فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے صیہونی آبادکاروں کی جانب سے جاری مسلسل جارحیت اور فلسطینی شہریوں اور ان کے مقدس مقامات پر دہشتگردانہ حملوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے صیہونی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینی شہریوں، زمینوں، گھروں اور فلسطینیوں کے مقدس مقامات پر جاری جارحیت اور ان کے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں صیہونی حکومت کی طرف سے العوجہ قصبے میں فلسطینی اراضی پر قبضے اور اسے صیہونی بستیوں کی تعمیر اور مغربی کنارے میں صیہونی دہشت گردی کے پھیلاؤ کے لیے مختص کیے جانے کی مذمت کی ہے اور ان جرائم کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کی رپورٹ کے مطابق اس بیان میں کہا گیا ہے: ’’آباد کاروں کے یہ جرائم مغربی کنارے کے بتدریج الحاق اور مشرقی یروشلم کی مرکزیت میں ایک فلسطینی ریاست کے قیام کے بامقصد امکان کو کمزور کرنے کا حصہ ہیں۔ خاص طور پر چونکہ شدت پسند اسرائیلی کابینہ ہزاروں نئے سیٹلمنٹ یونٹس بنا رہی ہے۔ اس بیان میں صیہونی حکومت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات بالخصوص بستیوں کی تعمیر، فلسطینی علاقوں پر حملوں اور فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے، جس کا مقصد فلسطین اسرائیل تنازع کے سیاسی حل کے افق کو بحال کرنا ہے۔