اسلام ٹائمز۔ آج عراق کی مرکزی فوجداری عدالت نے بغداد کی "الرصافہ" اپیل کورٹ میں گزشتہ سال ہونے والے بم دھماکے میں ملوث شخص کو پھانسی کی سزا سنا دی۔ یہ دھماکہ شمالی بغداد میں امامین عسکریین علیهما السلام کے زائرین کے موکب پر ہوا تھا۔ اس حوالے سے عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ شمالی بغداد کے علاقے "التاجی" میں ہونے والے اس بم دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے تھے جب کہ داعش کے رکن کی حیثیت سے بم نصب کرنے والا شخص جائے وقوعہ کی تصاویر و ویڈیو بنا رہا تھا۔ داعش کے مذکورہ رکن کو 2005ء میں بننے والے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی شق 13 کے آرٹیکل 4 کے مطابق سزا سنائی گئی ہے۔ عراقی ذرائع ابلاغ نے یہ خبر نشر کرتے ہوئے زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔