0
Saturday 16 Sep 2023 20:39

ایم کیو ایم کی ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت

ایم کیو ایم کی ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ شب ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 26 اور 17 روپے اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بہادرآباد مرکز سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں اور رواں ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے غریب عوام کی منہ سے نوالا چھین لیا ہے، موجودہ معاشی بحران سے نکلنے کیلئے حکومت اپنے شاہانہ اخراجات کم کرنے کے بجائے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے، حکومتی پالیسی کے سبب امیر، امیر سے امیر تر ہورہا ہے اور غریب سطح غربت سے نیچے چلا گیا، ان اقدامات سے خاص طور پر نوکری پیشہ افراد متاثر ہورہے ہیں جو معاشرے کا اہم ترین حصہ ہیں اور ان کیلئے بھی ضروریات زندگی کو پورا کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح اس وقت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر موجود ہے جس کی ایک بڑی وجہ ملک میں ڈیزل و پیٹرول کی قیمتوں میں تسلسل سے ہونے والا اضافہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے جہاں لوگوں کے ایندھن کے اخراجات کو بڑھایا ہے تو اس کے ساتھ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے کھیتوں، منڈیوں، فیکٹریوں اور بندرگاہوں سے مال لے جانے والی ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا ہے، ساتھ ہی مہنگائی کا ایک نیا طوفان شروع ہونے سے اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتیں نئی بلندیوں پر پہنچ گئی ہیں، کم اور متوسط آمدنی والے طبقوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے، لوگ فاقہ کشی اور خودکشی پر مجبور ہورہے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ ملک کا معاشی خسارا اور قرض پورا کرنے کیلئے دوسرے راستے اختیار کئے جائیں کیونکہ مہنگائی سے پریشان عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے، اس لئے حکومت فوری پیٹرولیم مصنوعات پر بڑھائی گئی قیمتیں واپس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
خبر کا کوڈ : 1081996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش