اسلام ٹائمز۔ علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے مرکزی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم سید اسد عباس نقوی سے ملاقات کی، اس ملاقات میں آفتاب ہاشمی ضلعی سینئر نائب صدر ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور اور ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکرٹری بھی موجود تھے۔ ملاقات میں قومی اور سیاسی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس پر صوبائی مجلس وحدت مسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی پہلی ترجیح قومی مفادات کے حصول کے لئے سو فیصد اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ قرآن بورڈ، علماء بورڈ میں تشیع نمائندگی کی بات ہو یا نصاب پاکستان اہلبیت اطہار علیہم السلام کے تذکرے کی بات ہو یا متنازعہ بل کے خلاف آواز حق بلند کرنے کی بات ہو، ہمیشہ ہم نے اور ہماری بابصیرت قیادت نے بہترین فیصلے کیے، جس پر قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔
مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے موجودہ قومی و سیاسی صورتحال سے تفصیلاً آگاہ کیا اور کہا کہ متنازعہ بل کا مسترد ہونا قائد وحدت کی مدبرانہ اور بابصیرت شیر دل قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہے، جنہوں اپنی ذات کو فراموش کر کے قومی مفادات کو ترجیح دی اور قوم کا سر ہمیشہ فخر سے بلند کیا۔ اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات نے کہا کہ ان شاء اللہ آئندہ قومی انتخابات میں پوری سیاسی اور قومی قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور ملت جعفریہ کے حقوق کا ہمیشہ ایوان کے اندر اور ایوان سے باہر دفاع کرتے رہیں گے۔