اسلام ٹائمز۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے کوئٹہ میں کارروائی میں ٹرک کے خفیہ خانوں سے سوا 2 ٹن چرس برآمد کرلی۔ 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی مینگل آباد کوئٹہ کے قریب مغربی بائی پاس پر عمل میں لائی گئی۔ اس دوران ٹرک سے سوا 2 ٹن سے زائد منشیات برآمد کرکے 4 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا۔ چرس ٹرک پر نصب سیمنٹ مکسچر مشین میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔
کارروائی کے دوران ٹرک کے ساتھ ایک چھوٹی گاڑی بھی پکڑی گئی، جس میں سوار 2 ملزمان سہولت کار کے طور پر ٹرک کو روٹ کلیئر کروا رہے تھے۔ دوران کارروائی گاڑی اور ٹرک میں سوار 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ جن کا تعلق قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور چمن سے ہے۔ ملزمان منشیات چمن سے براستہ کوئٹہ اندرون سندھ اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ ملزمان سے گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لئے تفتیش جاری ہے۔