اسلام ٹائمز۔ صدر آزادکشمیر و چانسلر آزادکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی زیر صدارت یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کا 25واں سینٹ اجلاس ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر سینٹ اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر، سابق ریکٹر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر غلام غوث، سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور پروفیسر ڈاکٹر کنول آمین، پروفیسر ڈاکٹر اظہرہ لطیف، نمائندہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان انجینئر محمد رضا چوہان، رجسٹرار یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف خان اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینٹ کے اجلاس میں یونیورسٹی آف پونچھ کے سالانہ بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر سینٹ کے اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر نے صدر آزاد کشمیر و چانسلر آزاد کشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا چھوٹا گلہ کیمپس کی منظوری پر شکریہ ادا کیا۔ جبکہ اس سلسلے میں چھوٹا گلہ کیمپس کا سنگ بنیاد جلدی رکھا جائے گا۔
اس موقع پر صدر ریاست آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ہدایت کی کہ حویلی کیمپس میں جاری منصوبہ جات کو بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ملازمین کو 6 ماہ کے بجائے ایک ماہ کا کنٹریکٹ دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر نے یونیورسٹی میں انتظامی امور،جاری پروجیکٹس اور درپیش مسائل کے حوالے سے صدر ریاست آزاد کشمیر و چانسلر آزاد کشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور ممبران سینٹ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر آزادکشمیر و چانسلر آزادکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر کو جامعہ پونچھ میں اعلی تعلیم کے فروغ اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور اس سلسلے میں حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لئے اپنے ہرممکن تعاون کابھی یقین دلایا۔