اسلام ٹائمز۔ گزشتہ شب امیر قطر "تمیم بن حمد آل ثانی" اور امریکہ کے صدر "جو بائیڈن" کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ جس میں غزہ اور مقبوضہ فلسطین کی صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماوں نے امریکہ و قطر کے مابین تعلقات میں وسعت کا بھی جائزہ لیا۔ نیز علاقائی و بین الاقوامی تبدیلیاں بھی دونوں سربراہان مملکت کا موضوع گفتگو رہیں۔ واضح رہے کہ قبل ازیں عرب میڈیا خبر دے چکا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور صیہونی قیدیوں کی رہائی کے لئے مقاومت فلسطین اور صیہونی رژیم کے درمیان قطر ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ صیہونی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے "حماس" کے ترجمان "ابو عبیدہ" کہہ چکے ہیں کہ غزہ میں صیہونی قیدیوں کی تعداد 250 ہے جس میں سے 200 صیہونی، القسام بریگیڈ جب کہ 50 قیدی دیگر مقاومتی گروہوں کے پاس ہیں۔ یاد رہے کہ صیہونی رژیم امریکی و مغربی حمایت و اجازت سے 42 دنوں سے غزہ پر اپنی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ جس میں اب تک 11,500 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ شہداء میں 4710 بچے اور 3160 خواتین شامل ہیں.