اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہر دور میں عوامی کی خدمت اور ملکی ترقی کو اولیت دی قائد عوام شھید ذوالفقار علی بھٹو نے کسانوں کو زمینوں کا مالک بنایا، تاریخ گواہ ہے کہ شھید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ عوام کیلئے جدوجہد کی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو بھی تمام زندگی عوام کیلئے جدوجہد کرتی رہیں، اس کے بعد 2008 میں جب میں وزیراعظم بنا تو ہم نے عوام کو روزگار دیا، مزدوروں کیلئے بہترین معاشی اصطلاحات کیں، ان کی ماہانہ اجرت میں اضافہ کیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تاریخی اضافہ کیا گیا اور اس دور میں آپ نے دیکھا کہ ہم نے پارلیمنٹ کو طاقتور بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے، صدر آصف علی زرداری نے صدارتی اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کر کے تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ کیا۔
ہم نے جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں، ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، پوری دنیا میں اس پروگرام کو مثالی پروگرام کہا جاتا ہے، ملک اس وقت معاشی بحران کی وجہ سے تاریخی مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے اور پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو پاکستان کو ان تمام مسائل سے نکال کر ترقی کی ڈگر پر چلانا چاہتی ہے، اس لئے پیپلزپارٹی مکمل تیاری کے ساتھ الیکشن کے میدان میں اتر کر عوامی طاقت سے مہنگائی اور بے روزگاری پیدا کرنے کرنے والے عناصر کو شکست سے دوچار کر کے عوامی طاقت سے فتح حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے بلاول ہاوس میں پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود کی صدارت میں ہونے والے دو روزہ اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کر کے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں شامل تمام اضلاع کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب کو نظر آرہا ہے کہ آنے والے الیکشن میں پیپلزپارٹی کامیاب ہوگی، ہم تقسیم، نفرت، گالم گلوچ کی سیاست کو پیچھے چھوڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے ہے، ہم نے ملک کو نئے انداز میں آگے بڑھانا ہے، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم سب مل کر ملک کو ان مسائل سے نجات دلائیں گے، ہم الیکشن مہم باقاعدہ طور پر جلد شروع کریں گے بلکہ دیکھا جائے تو اس وقت صرف پیپلزپارٹی ہی الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے سب سے زیادہ سرگرم اور میدان میں بھرپور تیاری کے ساتھ نظر آ رہی ہے، پیپلزپارٹی ایک جمہوری، وفاقی اور عوامی جماعت ہے، ہم باقی سیاسی جماعتوں کو کہتے ہیں کہ آپ بھی عوام پر بھروسہ کریں، سیاست اور منشور پر بھروسہ کریں، دائیں بائیں نہ دیکھیں، عوام کو دیکھیں۔ اجلاس میں سابق وزیراعلی دوست محمد کھوسہ، سابق وفاقی وزیر و سیکرٹری انفارمیشن پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب نوابزادہ افتخار احمد خان، سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاھین سابق وفاقی وزیر بہادر خان سہیڑ نے بھی شرکت کی۔