اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ پیشہ ور فوج نہتے شہریوں اور بچوں کو کبھی نشانہ نہیں بناتی، ہم غزہ میں فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسلام آباد میں ’’زارا الرٹ ایپ‘‘ کے اجراء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے، تمام طبقات کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی بہتری کے لئے کام کریں، حکومت بھی بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ بچے ہمارے مستقبل کا اثاثہ ہیں، زارا الرٹ ایپ کا اجراء بچوں کے حقوق کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں بچوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، اسرائیلی فوج غزہ میں نہتے بچوں کا قتل عام کر رہی ہے، نہتے بچوں کا قتل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم غزہ کے بچوں کے سامنے شرمندہ ہیں، اس ہولوکاسٹ کو فوری روکا جائے، غزہ میں ہونے والے اس ظلم کو مذہبی رنگ سے ہٹ کر انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھا جائے، فلسطین میں پیدا ہونے والی صورتحال مستقبل کے تنازعات کی اہم وجہ بنے گی۔