اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی جنرل کونسل نے متفقہ طور پر مولانا فضل الرحمان کو آئندہ پانچ سال کیلئے مرکزی امیر اور مولانا عبدالغفور حیدری کو جنرل سیکرٹری منتخب کرلیا۔ جے یو آئی کے ترجمان محمد اسلم غوری کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس ہفتے اور اتوار کو مفتی محمود مرکز پشاور میں مولانا فضل الرحمان کی صدارت جاری رہا۔ اجلاس میں ملک بھر سے ارکان جنرل کونسل نے شرکت کی اور متفقہ طور پر مولانا فضل الرحمان کو ایک بار پھر پانچ سال کیلئے مرکزی امیر اور مولانا عبدالغفور حیدری کو جنرل سیکرٹری منتخب کرلیا۔
اجلاس سے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے امراء و ناظمین نے کارگزاری رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، آئندہ عام انتخابات سمیت فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں جاری مہم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور صوبائی جماعتوں کو ہدایات کی گئی کہ انتخابات کے حوالے سے اپنی تیاریاں تیز کریں۔