اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر وہ بدقسمت قوم ہے جو ایک ہی سوراخ سے بار بار ڈسی جارہی ہے، انتخاب آتے ہی مہاجر حقوق کے دعوے کرنے والی متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت سے قوم یہ سوال کرتی ہے کہ 86ء سے لے کر آج تک مسلسل اقتدرا میں رہنے کے بعد بھی مہاجروں کا کون سے مسئلہ حل ہوا، مہاجروں کے کون سے حقوق انہیں ملے، سینٹ، قومی، وصوبائی اسمبلیوں، بلدیاتی اداروں میں برسہا برس سے ہونے کے باوجود متحدہ نے کتنے مہاجر نوجوانوں کو ملازمتیں دیں، کتنے مہاجر نوجوانوں کے مسائل حل کئے، آج پوری قوم مایوس ہوکر بند گلی میں کھڑی ہے اور وہی چند پیدا گیر جو اس قوم کو برسوں سے ڈس رہے ہیں وہ ایک بار پھر الیکشن سے پہلے ہی غیر مشروط حمایتیں کرکے پوری قوم کا سودا کرنے میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی قوم اس طرح کی صورتحال سے باخبر کرتے رہے لیکن جذبات کی رو میں بہہ کر لوگوں کے غلط فیصلوں نے آج پوری قوم کو رسوائی، ذلت اور پسپائی کی طرف لاکھڑا کیا ہے، اب قوم کا سودا کرنے کیلئے کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی، مہاجر درد رکھنے والے افراد آگے آئیں اور اس صورتحال کا تدراک کریں ورنہ پھر ایک مرتبہ پیدا گیر ٹولہ پوری قوم کا سودا کرکے وزارتیں، مشیری لینے کے بعد جائیدادیں بنائے گا، عیاشیاں کرے گا اور مہاجر قوم ماضی کی طرح بلکتی اور سسکتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں سب سے زیادہ تعلیم یافتہ سیاسی شعور اور فہم وفراست رکھنے والی مہاجر قوم کی قیادت ان بونوں کے ہاتھ میں دیدی گئی ہے جو نہ تو اس قوم کے مسائل حل کرسکتے ہیں اور نہ ہی انہیں اس سے کوئی دلچسپی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 35 سالوں سے مہاجروں کو بتارہے ہیں کہ اگر انہوں نے جرات، ہمت اور تبدیلی کا فیصلہ نہ کیا تو پھر اسی طرح ڈسے جاتے رہیں گے۔ ا نہوں نے کہا کہ کون نہیں جانتا کہ پرانی موٹرسائیکلوں پر سفر کرنے والے یہ مہاجر قوم کے نام نہاد رہنما آج لینڈ کروزروں میں گھوم رہے ہیں اور ان کی ملک و بیرون ملک جائیدادیں ہیں، یہ سب مہاجر قوم کو برائے فروخت کرکے حاصل کیا گیا ہے۔ سلیم حیدر نے مزید کہا کہ متحدہ کبھی خود کو نواز شریف کے آگے پیش کردیتی ہے، کبھی بینظیر اور زرداری کے آگے، کبھی عمران خان اور پرویز مشرف کے آگے پیش کرکے پوری قوم کا سودا کررہی ہے، لہٰذا اب بھی وقت ہے کہ شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہاجر درد رکھنے والے امیدواروں کو ووٹ دیا جائے۔