اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم کے زیر اہتمام عام انتخابات 2024ء کی تیاریوں میں زبردست تیزی آچکی ہے، پورے پاکستان میں ایم کیو ایم کا تنظیمی ڈھانچہ متحرک ہے، کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، نوابشاہ اور دیگر صوبوں میں امیدواران کے انٹرویوز جاری ہیں، کراچی حیدرآباد سمیت تمام زونز میں اب تک سیکڑوں کارکنان و ذمہ داران اور ہمدرد انٹرویو کیلئے پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش ہو چکے ہیں، اب تک درجنوں اانتخابی دفاتر کا افتتاح کیا جا چکا ہے جہاں کارکنان و ذمہ داران انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں، اس کے علاوہ منظم انتخابی رابطہ مہم بھی شروع ہو چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق اب تک 3 ٹاؤنز میں فقیدالمثال جلسے منعقد کئے جا چکے ہیں جس میں عوام کی شرکت 8 فروری 2024ء کو ہونے والے انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان کی کامیابی کی نوید سنا رہے ہیں، ایم کیو ایم کے ترجمان نے اس امر کی وضاحت کی کہ جو امیدواران انٹرویوز دے رہے ہیں ان سے کسی مد میں بھی ایک پیسا بھی وصول نہیں کیا گیا، ایم کیو ایم پاکستان کے پارلیمانی بورڈز صرف اور صرف میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے امیدواران کا فیصلہ کر رہے ہیں، ایسی نظیر پاکستان کی کسی اور سیاسی جماعت میں نظر نہیں آتی جہاں یونین کونسل کے ایک کارکن سے لیکر رابطہ کمیٹی کے اراکین تک سب یکساں انداز میں انٹرویوز کیلئے پیش ہو رہے ہیں۔