اسلام ٹائمز۔ چیئرمین نظام مصطفیٰ پارٹی سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب کی ہدایات پر پورے ملک کی طرح فیصل آباد میں بھی فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی ضلع کونسل سے پریس کلب فیصل آباد تک نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی صدر نظام مصطفی پارٹی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال صدیقی اور جنرل سیکرٹری نظام مصطفی پارٹی عمران مصطفائی کررہے تھے۔ ریلی کے بعد احتجاجی مظاہرہ کا بھی اہتمام گیا جس میں مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید اقبال صدیقی نے کہا کہ او آئی سی 57 اسلامی ممالک کو عملی اورجرأت مندانہ اقدامات کرتے ہوئے فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک تو اسلامی سربراہی اجلاس بلانے میں تاخیر کی اور پھر اجلاس کو بھی غزہ میں جنگ بندی کروانے کے بجائے قراردادیں اور مطالبات تک محدود رکھا گیا جو افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ اانہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ہسپتالوں، اسکولوں، رہائشی عمارتوں، پناہ گزین کیمپوں میں وحشیانہ بمباری کرنا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے، اسرائیلی جارحیت سے اب 12 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جس میں بچے، عورتیں، بزرگ شامل ہیں، اسرائیل ناجائز ریاست ہے اسکو دہشت گرد ملک قرار دینے کے بجائے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیمیں سب خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور امریکہ، برطانیہ، فرانس، دیگر مغربی ممالک سرپرستی کررہے ہیں۔