اسلام ٹائمز۔ حکومت سندھ نے گریڈ 20 کے کامرس کے پروفیسر صالح عباس کو ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ مقرر کر دیا، چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے ان کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ تعینات کئے گئے پروفیسر صالح عباس اس سے قبل گورنمنٹ ایس ایم آرٹس اینڈ کامرس کالج کے پرنسپل تھے، اب ان کی جگہ تقرری کے منتظر پروفیسر عبدالباری اندڑ کو ایس ایم آرٹس اینڈ کامرس کالج کا پرنسپل مقرر کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ پروفیسر صالح عباس کو ایسے وقت میں ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ تعینات کیا گیا ہے جب کراچی سمیت پورے سندھ کے کالجوں کو اکیڈمک اور انتظامی بنیادوں پر شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔ یہ چیلنجز نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کے کالجوں کے اچانک دوروں کے بعد سے مزید آشکار ہوگئے ہیں اور معیارات کی بنیاد پر خود محکمہ کالج ایجوکیشن نے کالجوں کو تین کیٹگریز میں تقسیم کر دیا ہے، کراچی کے 88 کالج اس تقسیم کے سب سے غیر موثر کیٹگری میں شمار کئے گئے ہیں۔