اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی نائب صدر اور پی بی 42 کے نامزد امیدوار علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ قوم پولنگ کے دن بھرپور ووٹ کاسٹ کریں۔ پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کے لئے عوام کو آگے آنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علمدار روڈ میں اپنے انتخابی دفتر میں بزرگوں اور جوانوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ عوام کی اصل طاقت ہے۔ گزشتہ پانچ سال جن قوتوں نے عوام کے حقوق پر ڈھاکہ ڈالا، عوام انتخابات کے روز گھروں سے نکل کر انکو ووٹ کی طاقت سے مسترد کر دے۔ عام انتخابات میں قوم بھرپور ووٹ کاسٹ کریں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے طلباء اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے حصول کے لئے دیگر صوبوں کو ترجیح دیتے ہیں۔
علامہ علی حسنین نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ تعلیمی معیار کو دیگر صوبوں کی سطح تک لے جائیں۔ انہوں نے اقتصاد کو زندگی کا اہم عنصر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد روزگار سے محروم ہیں۔ اگر بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کی گنجائش کم ہے تو نوجوانوں کو ہنر کے زیور سے اراستہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی مسائل کے حل کے لئے جامع منصوبے کے تحت کام کریں گے۔ قوم مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں کو موقع دے۔ علامہ علی حسنین نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی قائد علامہ ناصر عباس جعفری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قوم کو متحد کرنے میں انکا اہم کردار ہے۔ انکی سیاسی بصیرت اور وژن کے مطابق ملک و قوم کی ترقی کے لئے کام کریں گے۔