اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی آج مدھیہ پردیش کے ایک روزہ دورے پر جھابوا پہنچے۔ جہاں انہوں نے ہزاروں کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے بعد مودی نے قبائلی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم مودی نے اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور کانگریس پر شدید حملہ کیا۔ مودی نے کہا کچھ وقت پہلے، میں نے جھابوا، کھرگون، کھنڈوا، بروانی، دھار، علیراج پور سمیت پورے ایم پی کے لئے ہزاروں کروڑ روپے کی اسکیموں کا افتتاح کیا ہے۔ اتنے ترقیاتی کام ایک ساتھ ہو رہے ہیں، یہ بتا رہا ہے کہ مدھیہ پردیش میں نئی بننے والی ڈبل انجن والی حکومت دوگنی رفتار سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ترقی کی اس بڑی مہم کا سہرا مدھیہ پردیش کے لوگوں کو جاتا ہے، اس کے لئے میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔
مودی نے مزید کہا کہ آپ کے درمیان یہاں آنے سے پہلے، میں نے دیکھا کہ میرے دورے کے بارے میں کافی بحثیں ہو رہی ہیں۔ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ مودی پارلیمانی کی لڑائی کا آغاز مدھیہ پردیش کے جھابوا سے کریں گے۔ انہوں نے کہا ’’میں بتانا چاہتا ہوں کہ مودی لوک سبھا انتخابات کی تشہیر کرنے نہیں آئے ہیں، آپ مدھیہ پردیش اسمبلی کے نتائج سے پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ لوک سبھا کے لئے آپ کا موڈ کیا ہونے والا ہے‘‘۔ اس لئے اس بار اپوزیشن کے بڑے لیڈر کہنا شروع کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2024ء میں ایک بار پھر مودی حکومت 400 کو پار کر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2023ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو شکست ہوئی، 2024ء کے پارلیمانی انتخابات میں اس کا صفایا ہونا یقینی ہے۔