اسلام ٹائمز۔ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس کو سمجھ جانا چاہیئے کہ اسرائیل پر عالمی دباؤ کام نہیں کرے گا۔ نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل میں امریکی فیصلہ بہت زیادہ برا اقدام تھا۔ اسرائیلی وفد کو امریکا نہ بھیجنے کا فیصلہ حماس کے لیے پیغام تھا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ حماس کے لیے پیغام یہ تھا کہ کوئی بھی عالمی دباؤ کام نہیں آئے گا۔ دوسری جانب حماس نے کہا ہے کہ اپنے اہداف کے حصول تک کسی بھی اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہیں کیا جائے گا۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کیساتھ فیصلہ کن اور سنسنی خیز مذاکراتی جنگ لڑ رہے ہیں، جیت ہماری ہوگی۔ حماس نے واضح کیا کہ ہم اپنی شرائط پر مضبوطی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔