اسلام ٹائمز۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 617 پوائنٹس کی تیزی آگئی، جس کے نتیجے میں ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس نے 67000 پوائنٹس کی بلند ترین نفسیاتی سطح بھی عبور کرلی اور 100 انڈیکس بڑھ کر 67165 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔ قومی اداروں کی تیز رفتار نجکاری، پی آئی اے کی نج کاری سے 300 ملین ڈالر کی آمدنی حاصل کرنے کے منصوبے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ پاکستان میں المشرق سمیت دیگر غیر ملکی بینکوں کی سرمایہ کاری دلچسپی، پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار کے درمیان انضمام اور ایس آئی ایف سی کے توسط سے آئل اینڈ گیس سیکٹر میں بڑی نوعیت کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی توقعات کے باعث کاروباری دورانیے میں تیزی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز انڈیکس نے 66500 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور کی تھی، جبکہ دسمبر 2023ء میں ہنڈریڈ انڈیکس 66426 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔