اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر طارق حسن نے کہا ہے کہ ق لیگ کی سیاست صرف اور صرف پاکستان کے لئے ہے، سب کچھ قربان کر دیں گے ملک پر آنچ آنے نہیں دیں گے، عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک دشمن نہیں چاہتے پاکستان ترقی کرے، ہمارے لیڈران کا جو کچھ ہے پاکستان کے لئے ہے، مہنگائی کی وجہ سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہے، حکومت کے ساتھ مل کر مہنگائی کم کرکے دکھائیں گے، سابقہ حکومتوں نے روزگار کے مواقع فراہم نہیں کئے۔ وہ ضلعی رہنما حاجی فیض محمد بھٹو آرائیں کی طرف سے تاجر برادری اور معززین کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈویژنل صدر چودھری مظہر الحق، ضلعی صدر ناصر بلوچ، راجہ عباس شعیب ملک، کراچی کے سینیر رہنما جمیل احمد خان، تاجر رہنما جاوید آرایں، حاجی ظہیر جان، حاجی اختیار احمد آرایں اعظم چوہان، عبدالوحید اجمیری قریشی، اشفاق قریشی، عدنان آرایں، نثار ملک نے بھی شرکت کی۔ طارق حسن نے کہا کہ عوام اور افواج پاکستان ایک پیج پر ہیں، ہمیں اندرونی دشمنوں کو روکنے کی ضرورت ہے، بیرونی دشمنوں سے نمٹنے کے لیے افواج پاکستان موجود ہے۔