اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔ پوری دنیا سراپا احتجاج ہے۔ المیہ یہ ہے کہ اسرائیل ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔ اسلامی ممالک کے حکمران، او آئی سی اور اقوام متحدہ بے بس نظر آرہے ہیں۔ عالمی ادارے خاموش ہیں۔ 5 اپریل کو اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے صوبہ بھر میں احتجاج ہوگا۔ عوام الناس 5 اپریل جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے موقع پر احتجاج میں بھرپور حصہ لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہا مظلوم فلسطینی عوام پر مظالم، درندگی، دہشت گردی کا حصہ نہ بننے کیلئے یہودی امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی ہمیشہ کیلئے کریں۔ امرائے اضلاع یوم القدس کے موقع پر احتجاج کی بھرپور تیاری کرکے اسرائیلی ظلم و جبر اور دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کریں۔
انہوں نے کہا کہ 5 اپریل عالمی اسلامی تحریکوں کی اپیل پر یوم القدس کے موقع پر دنیا بھر میں یوم القدس منایا جائے گا۔ ملک بھر کی طرح بلوچستان کے تمام اضلاع بڑے چھوٹے شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ سیمینارز و مظاہرے اور جلسے منعقد ہوں گے۔ غزہ میں بچوں، ماؤں، بہنوں کی نسل کشی اور مظلوم عوام پر فاسفورس بموں کی بارش پر مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔ غزہ میں خون ناحق رنگ لائے گا۔ شام غم امید سحر کی نوید ہے۔ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اہل فلسطین نے مسلمان حکمرانوں پر حجت تمام کر دی۔ اب حکمرانوں کی باری ہے کہ وہ یا تو اپنی عیاشیوں میں مگن رہ کر اللہ کے عذاب کو دعوت دیں، جو انہیں سیلاب کی مانند بہا لے جائے گا، یا آگے بڑھ کر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی عملی مدد کریں۔
انکا کہنا تھا کہ محض زبان جمع خرچ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ فلسطینیوں کی قربانیوں کے نتیجے میں یا تو انقلاب عظیم برپا ہوگا یا اللہ کا عذاب حکمرانوں پر گرے گا جو مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ صہیونی افواج کی بمباری میں اب تک 32 ہزار فلسطینی جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں شہید ہو چکے ہیں۔ غزہ میں مساجد، ہسپتالوں اور عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پانی اور غذا کی سپلائی بند ہے۔ جب کہ ناعاقبت اندیش حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔ وہ فلسطینی بہن بھائیوں کے لئے دعائیں کر رہے ہیں اور ان کے حق میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔