اسلام ٹائمز۔ بین الاقوامی اپیلوں کو نظرانداز کرتے ہوئے صیہونی فوج کے رفح ميں داخل ہونے کے بعد مزاحمتی گروہوں کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کے رفح میں داخل ہونے کے بعد، رفح کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوجیوں اور استقامتی فلسطینی محاذ کے جوانوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، بعض علاقوں میں جھڑپوں میں شدت کی بھی خبر ہے۔
اسی کے ساتھ رفح کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کی وسیع بمباریوں کی بھی خبر ہے۔ رفح میں غاصب صیہونی حکومت نے اپنی زمینی فوج ایسی حالت میں داخل کی ہے کہ فلسطین کی استقامتی تنظیموں نے خبردار کر رکھا ہے کہ رفح پر زمینی حملے کے نتائج کی ذمہ داری غاصب صیہونی حکومت پر عائد ہو گی۔ اس کے علاوہ اسرائیلی حکومت کے مغربی حامیوں نے بھی اس کی نصیحت کی ہے کہ رفح پر حملے سے گریز کرے۔ دوسری جانب غزہ کے علاقوں پر بھی اسرائیلی حملوں میں 27 فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں کئی بچے اور 72 سال کا سرجن اور ان کا بیٹا بھی شامل ہے۔