اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قرآن کریم کتاب ہدایت ہے، جس نے ہمیں طاغوت سے دوری کا درس دیا ہے، ہم نظام ولایت و امامت کو خدائی نظام حیات اور انسانیت کی فلاح کا واحد راستہ سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کی پیروکار جماعت ہے جو نائب امام کی قیادت و رہبری میں نظام ولایت سے مربوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیرت آئمہ اہل بیت علیہم السلام کا بغور مطالعہ کرنا چاہیے۔ فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام ایک طرف اپنے صحابی جناب صفوان جمال کو ہارون الرشید کو حج کے لئے اونٹ دینے پر سخت ناراض ہوئے تو دوسری جانب حضرت علی ابن یقطین کو دربار خلافت میں وزارت لینے کا حکم دیا۔ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے سیرت انبیا کرام و اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں جدوجہد کی ہمیں افکار امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کا بھی بغور مطالعہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے اضلاع سے گذارش کی گئی ہے کہ وہ کارکنوں کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دیں اور یونٹس کے لئے نو نکاتی پروگرام پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔