اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی، وزیراعظم نے حکومت سندھ کو درپیش تمام ترقیاتی مسائل اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کی فوری ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لئے وفاق اور صوبوں کے مابین اشتراک ناگزیر ہے۔ پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیں متحد ہو کر مسائل کے حل تلاش کرنا ہوں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک کا معاشی استحکام ہمارا بنیادی مقصد ہے، محمد شہباز شریف نے آئندہ سال کے ترقیاتی بجٹ کی تیاری میں تمام صوبوں کو اعتماد میں لینے اور ان کی مشاورت کو شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔