0
Thursday 6 Jun 2024 12:40

نفرت انگیزی اور فرقہ واریت کے خلاف عوام نے ووٹ دیا ہے، ضیاء الرحمن برق

نفرت انگیزی اور فرقہ واریت کے خلاف عوام نے ووٹ دیا ہے، ضیاء الرحمن برق
اسلام ٹائمز۔ بھارت میں پارلیمانی انتخابات 2024ء کے نتائج آ چکے ہیں۔ اترپردیش میں اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے خاص طور پر سماجوادی پارٹی نے یہاں 37 سیٹیں جیت کر نمایاں کارگردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اترپردیش میں اس مظاہرے کے بعد سماجوادی پارٹی میں خوشی کی لہر ہے۔ سنبھل سے سماجوادی پارٹی کے لیڈر ڈاکٹر شفیق الرحمن برق کے پوتے ضیاء الرحمن برق کو پارٹی نے سنبھل سے اپنا امیدوار بنایا جس کے بعد ضیاء الرحمن برق نے یہاں سے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ضیاء الرحمن برق نے اس جیت کو اپنے دادا کی کوششوں کا نتیجہ بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دادا کی سیاسی وراثت کو بڑھانے کا پارٹی نے ان کو موقع دیا اور انہوں نے انڈیا اتحاد اور سماجوادی پارٹی کے کارکنان کے تعاون سے پارلیمانی انتخابات میں جیت حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور کانگریس پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی نے مل کر جو محنت کی، اسی کا نتیجہ ہے جو اتنی بڑی کامیابی ملی ہے اور اُترپردیش ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی عوام نے انڈیا اتحاد کو اپنا تعاون اور محبت پیش کی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 400 پار کا نعرہ محض عوام کا دھیان بھٹکانے کے لئے تھا اور اس کے پیچھے ایک بڑی سازش تھی کہ اس سے حریف پارٹیوں کے حوصلے پست ہوجائیں اور ووٹوں کی گنتی کے وقت بھارتی جنتا پارٹی اس میں ہیر پھیر کر سکے مگر اس مرتبہ ایسا نہیں ہو پایا بلکہ تمام ہی حریف پارٹیوں نے متحد ہو کر بھارتیہ جنتا پارٹی کی سازش كو ناکامیاب کر دیا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی پر مزید حملہ کرتے ہوئے ضیاء الرحمان برق نے کہا کہ چاہے ملک کے وزیراعظم ہوں یا صوبے کے وزیراعلٰی سبھی نے اپنی تقاریر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ بیان بازی کی، مگر عوام نے اس مرتبہ ان کو کرارہ جواب دیا اور ہندو مسلم سبھی نے ملک کی ترقی، خوشحالی، بدلاؤ اور امن و امان کے لئے اپنا ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بھی انتخابات میں قطعی اکثریت حاصل نہیں کر پائی ہے اسے بھی دوسری سیاسی جماعتوں کی ضرورت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ سیاسی جماعتیں ایسے اتحاد کے ساتھ حکومت بنانا پسند کریں گی جو ملک کو ترقی پر لے جانے کے لئے کام کرے اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں انڈیا اتحاد ہی ملک میں حکومت بنائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1139999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش