اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے پارٹی صدارت چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی بیماری کی وجہ سے اسلاف اہل سنت کی نشانی جے یو پی کی سربراہی کے ساتھ انصاف کرنے سے قاصر ہیں، اس لیے وہ ریٹائرمنٹ لینا چاہتے ہیں، مرکز ی صدارت کو مزید جاری نہیں رکھنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ میںپہلے بھی پارٹی صدارت سے ٍمستعفی ہوا تھالیکن جے یو پی رہنماوں کے اصرار پر استعفیٰ واپس لے لیا تھا۔ لیکن اپنی بیماری کی وجہ میں چاہتا ہوں کہ منصب صدارت پر کوئی اور متحرک شخصیت مولانا شاہ احمد نورانی کی نشانی جمعیت علمائے پاکستان کی قیادت سنبھالے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مشاورتی عمل جاری ہے، ایک دو دنوں میں پارٹی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ قائد اہل سنت مولانا شاہ احمد نورانی کے قریبی ساتھی پیر اعجاز ہاشمی 2016 میں پہلی بار مرکزی صدر بنے اور وہ تین بار صدارت کا منصب سنبھال چکے ہیں۔ وہ کچھ عرصہ سے علیل ہیں ،جبکہ ان دنوں پیر اعجاز ہاشمی اپنی یاداشتوں پر مشتمل کتاب پر بھی کام کر رہے ہیں۔