اسلام ٹائمز۔ امیرجماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ظلم کا نظام اب مزید نہیں چل سکے گا۔ جماعت اسلامی نے اس نظام کے خلاف حق کا علم بلند کردیا ہے۔ بجلی کے بلوں نے ہر شخص کو پریشان کردیا ہے۔ موجودہ جعلی حکومت نے ٹیکس کی بھرمار کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشرافیہ اور خاندان ہم پر مسلط ہیں یہ اشرافیہ اور جاگیردار اپنے مفادات کے لیے روز سیاسی وابستگیاں تبدیل کرتے ہیں۔ ملک میں اس مہنگائی کی ذمہ دار ن لیگ اور پیپلزپارٹی ہیں۔ حکومت کے تمام عوام دشمن ظالمانہ فیصلوں کی توثیق پیپلزپارٹی نے کی ہے۔ یہ دن میں ایک دوسرے کے مخالف رات کو دوست ہیں۔ ان ظالم حکمرانوں نے عام آدمی سے کھانے کو روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ہے جبکہ ان کے کتے بھی ملائی کھاتے اور دودھ پیتے ہیں۔ ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے واضح کیا کہ ہم کسی صورت دبنے والے نہیں نا ہی ہمیں دبانے کی کوشش کی جائے، حکومت ہوش کے ناخن لے اور ان ظالمانہ فیصلوں کو واپس لے۔
انہوں نے خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کی اپنے ورکروں میں کوئی عزت نہیں وہ خود مشرف اور ضیاالحق کی چاپلوسی سے نام نہاد سیاست دان بنے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 12 جولائی کے دھرنے میں بروقت شرکت کو یقینی بنایا جائے گا 9 جولائی کو شہر کے 5 مقامات سمیت شجاعباد اور جلالپور میں کیمپس لگائے جائیں گے۔ اجلاس میں نائب امرا خواجہ عاصم ریاض، میاں آصف اخوانی، ڈپٹی سیکرٹریز شیخ اسرار حسین، عبد الرحمن حیدری، حافظ اویس ایڈوکیٹ سمیت حسان اخوانی ودیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔