اسلام ٹائمز۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے آج اپنے امریکی ہم منصب انتھونی بلنکن کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے جس میں سوڈان کے ساتھ ساتھ غزہ میں جاری جنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واس (WAS) نے اعلان کیا ہے کہ انتھوںی بلنکن کے ساتھ اپنی ٹیلیفونک گفتگو میں فیصل بن فرحان نے غزہ و سوڈان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس بارے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں امریکی وزارت خارجہ کا بھی کہنا ہے کہ اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران، انتھونی بلنکن نے غزہ میں جنگبندی کے حصول کی کوششوں، یرغمالیوں (اسرائیلی قیدیوں) کی رہائی اور انسانی امداد میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا کہ انتھوںی بلنکن نے اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ اسرائیل کی شمالی سرحد پر جاری کشیدگی کو کم کرنے اور سوڈان میں جاری تنازعات کو ختم کرنے کی کوششوں پر زور دیا۔