اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایران کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ میرے بھائی ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایران کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے منتخب صدر ڈاکٹر پزشکیان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کی حیثیت سے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور تاریخی تعلقات ہیں، ہمیں باہمی فائدہ مند تعاون کے ذریعے اپنے دونوں عوام کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا چاہیے۔