اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ و چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے تعلیم اور ہنر کا فروغ ازحد ضروری ہے۔ سماجی ہم آہنگی کیلئے ایک دوسرے کی رائے کا احترام کیا جائے۔ ہم خواتین کو تعلیم دے کر معاشرے میں ترقی کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ معاشرتی بقاء کیلئے امن و امان کا قیام ناگزیر ہے، کسی بھی ہجوم یا گروہ کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ معاشرے سے برائی کے خاتمے کیلئے علماء کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیراہتمام جامعہ نعیمیہ میں منعقدہ 3 روز تربیتی ورکشاپ بعنوان ”بین المسالک ومذاہب ہم آہنگی“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ سے معروف دانشور سلیمان عابد، ممتاز مذہبی سکالر ڈاکٹر عمار ناصر، سینئر صحافی حنیف قمر اور طاہر عباس نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی سے ادارة المصطفیٰ گوجرانوالا کے علماء کرام کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی سربراہی مولانا سید زاہد حسین مصطفائی نے کی۔ وفد نے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین بننے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر قائدین نے عالم اسلام کی مجموعی صورتحال اور مدارس کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بعدازاں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔