0
Sunday 7 Jul 2024 20:22

سوشل میڈیا پر پابندی کی تجویز سے حکومت اپنی نااہلی کا برملا اظہار کر رہی ہے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

سوشل میڈیا پر پابندی کی تجویز سے حکومت اپنی نااہلی کا برملا اظہار کر رہی ہے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پابندی کی تجویز دینے والی صوبائی حکومتیں اپنی نااہلی اور ناکامی کا برملا اظہار کر رہی ہیں۔ ہم پر ایسے افراد مسلط کئے گئے ہیں جو عوام کی خدمت کرنا نہیں، بلکہ انہیں اذیت دینے کو بہتر سمجھتے ہیں۔ حکومت عوام کو تنگ کرنے کے بجائے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینے پر توجہ دیں۔ علامہ علی حسنین نے اپنے جاری کردہ بیان میں بعض صوبائی حکومتوں کی جانب سے وفاق کو چھ سے گیارہ محرم الحرام تک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بند رکھنے کی تجویز پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے وفاق کو ایسی تجویز دینا اپنی حکومت کی بے بسی اور انتظامی امور میں ناکامی کا اقرار کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت کی ذمہ داریوں میں عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور عوام کو تعلیم و شعور دینا شامل ہیں، تاہم حالیہ تجویز اور بے جا پابندیاں اس بات کی دلیل ہے کہ حکمران اپنے فرائض منصبی سرانجام دینے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ حکومت نے عوام کے درمیان مذہبی غلط فہمیوں کو دور کرنے اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے میں غلفت کا مظاہرہ کیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بند رکھنے سے پاکستان کے کروڑوں افراد کی زندگیاں متاثر ہونگی، جبکہ لاکھوں افراد کا کاروبار بھی اس سے وابستہ ہونے کے باعث ٹھپ پڑ جائے گا۔ ملک کو نہ صرف معاشی نقصان ہوگا، بلکہ محرم الحرام کو جواز بنا کر ایسا کرنے سے مختلف مکاتب فکر کے افراد میں نفرتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سات، نو اور دس محرم الحرام کو کوئٹہ میں بھی موبائل سروسز بند کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ شہریوں کو بلاجواز ان ایام کے دوران تنگ کیا جاتا ہے۔ حکومت کے پاس تمام وسائل موجود ہیں، جن کا استعمال کرکے سیکیورٹی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ مختلف سماجی ادارے بھی ہمیشہ رضاکارانہ طور پر حکومتی اہلکاروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر خدمت کرتے ہیں۔ حکومت، پولیس اور انتظامیہ ملکر محرم الحرام کو پرامن مہینہ بنا سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1146331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش