اسلام ٹائمز۔ امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان بیان بازی شروع ہو گئی ہے، یہ دونوں جماعتیں وکٹ کے دونوں طرف کھیلتی ہیں۔ حالیہ بجٹ اور بڑھتی مہنگائی پر امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بھی معاونِ خصوصی کی تعداد کابینہ میں بڑھائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بجٹ میں زرعی ٹیکس نہیں لگایا گیا، پنجاب اور سندھ کے جاگیر داروں پر ٹیکس نہیں لگایا گیا، بجٹ میں ٹیکس کا تمام بوجھ عوام پر ڈالا گیا ہے، بجلی اور گیس کے بل عوام پر بم بن کر برس رہے ہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہےکہ سندھ حکومت اس معاملے میں فارغ ہوچکی ہے، اس صوبے کا 95 فیصد ٹیکس کراچی دیتا ہے، شہر کے بلدیاتی اداروں کے لے 2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام سیاسی جماعتیں اب وفاق میں بھی شامل ہیں، ریاست کی ذمے داری ہے کہ عوام کو سہولتیں فراہم کی جائیں، 2008ء میں این ایف سی کے بعد صوبوں کو اختیارات ملے ہیں۔ امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر کا مزید کہنا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد متعدد ادارے صوبے کے پاس آئے ہیں، سندھ حکومت کے اختیارات میں اضافہ ہوا مگر اس نے شہر کو کچھ نہ دیا۔