0
Monday 8 Jul 2024 22:06

جب تک مسلم قیادت مضبوط نہیں ہوگی تب تک مسلمانوں کو نشانہ بنایا جائیگا، اختر الایمان

جب تک مسلم قیادت مضبوط نہیں ہوگی تب تک مسلمانوں کو نشانہ بنایا جائیگا، اختر الایمان
اسلام ٹائمز۔ گزشتہ ایک دہائی سے بی جے پی کی مرکزی و ریاستی حکومتوں میں مسلمانوں کے خلاف ناانصافی اور مظالم کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ مسلمانوں کا قتل اور ہجومی تشدد فرضی گاؤ کشی، لو جہاد کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مسلمانوں کی عبادت گاہوں، دکانوں، مکانات اور بستیوں کو بلڈوز کر تباہ کرنے کا کام موجودہ حکومتیں اور شدت پسند تنظیموں کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے بعد سے ماب لنچنگ کے واقعات میں اضافہ اور ماب لنچنگ کے ذریعے مسلمانوں کو نشانہ بنانے سے متعلق سوالات کے جواب میں بہار سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی اختر الایمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور بنایا جاتا رہے گا اور بی جے پی دور حکومت سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں نے بھی ہمارے ساتھ بدسلوکی کرنے میں کوئی کمی نہیں کی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

اختر الایمان نے کہا کہ مسلمانوں پر ظلم زیادتی کرکے ہندوتوا کو متحد کرنے کا جو پرانا فلسفہ ہے اسی کی کڑی میں ہم ماب لنچنگ کو دیکھتے ہیں، ملک میں ذات پات پر مبنی سیاست ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسے تو یہ ریاستی و مرکزی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملک اور صوبہ کے باشندوں کی جان، مال، عزت آبرو کی سلامتی اور اسٹیبلشمنٹ کی حفاظت کرے، لیکن مسلمانوں کو مسلسل نشانہ اس لئے بنایا جا رہا ہے کیونکہ موجودہ حکومت مسلمانوں کو ڈر اور خوف میں رکھ کر ہندو ووٹ کو اگھٹا کرنا چاہتی ہے اس لئے اب وقت آگیا ہے کہ مسلمان اپنی قیادت تیار کرے۔ واضح رہے کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد گزشتہ ایک ماہ کے اندر بھارت بھر میں ہجومی تشدد، بے گناہ مسلمانوں کے قتل اور مکانات اور بستیوں کو تباہ کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں اختر الایمان نے ضلع علیگڑھ میں اورنگزیب کی ماب لنچنگ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مجرموں کو جلد سخت سے سخت سزا سناکر ایک نظیر بنانے کے بجائے نامزد فرار ملزموں کو بھی علیگڑھ پولیس گرفتار نہیں کرپائی ہے اور حد تو یہ ہے کے ماب لنچنگ میں ہلاک ہونے والے اورنگزیب کے قتل کے تقریباً دس روز بعد اورنگزیب سمیت دیگر نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف ہی چوری اور ڈکیتی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اختر الایمان نے کہا کہ صرف اس بار نہیں بلکہ ہمیشہ ہی مسلمانوں نے کانگریس کو ووٹ دیا ہے اور آج بھی کانگریس کا بنیادی ووٹ مسلم ہی ہے اسی لئے کانگریس پارٹی اور راہل گاندھی پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ماب لنچنگ کے خلاف اپنی آواز اٹھائے۔ اختر الایمان نے کہا کہ جب تک مسلمان اپنی مسلم قیادت تیار نہیں کرتا تب تک اسی طرح مسلمانوں کو نشانہ بنایا جاتا رہے گا اور آخر کب تک مسلمان اپنی قیادت دیگر سیاسی جماعتوں میں ڈھونڈتا رہے گا، اس طرح کے واقعات سے پچنے کے لئے اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی مضبوط قیادت تیار کریں۔
خبر کا کوڈ : 1146518
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش