اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی کے افسر علی رضا کے قتل کو فرقہ وارانہ تناظر میں بھی دیکھ رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ یکم محرم کو علی رضا کا قتل ہوا ہے، اس واقعہ کو فرقہ وارانہ تناظر میں بھی دیکھ رہے ہیں، علی رضا نے لیاری گینگ وار اور ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائیاں کیں، وہ کافی عرصے سے سی ٹی ڈی میں کام کررہے تھے، اس قتل میں جو بھی ملوث ہے وہ منطقی انجام تک پہنچے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کی قربانیوں کی وجہ سے کراچی کا امن و امان بہتر ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں امن پولیس کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور کراچی کے عوام پولیس کے شانہ بشانہ ہیں، محرم میں خدشات ہوتے ہیں، سندھ میں امن و امان کے مسئلے پر علما سے میٹنگ ہوئی ہے، توقع ہے کہ یوم عاشور تک امن و امان کی صورتحال ٹھیک رہے گی۔ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ کچے میں ڈاکوؤں کو ختم کیا جا رہا ہے، ڈاکو خود کو قانون کے سامنے پیش کریں، تین ہندوں کو بازیاب کروایا جا رہا ہے، پریا کماری کے بارے میں جلد اچھی خبر آئے گی، تین سال پہلے کا کیس ہے مگر ہمارے افسر اس پر کام کررہے ہیں۔