0
Monday 8 Jul 2024 22:54

جنگ غزہ میں زخمی ہونیوالے 10 ہزار اسرائیلی فوجیوں کی دیکھ بھال کرنیوالا بھی کوئی نہیں، یائیر لیپڈ کا ضمنی اعتراف

جنگ غزہ میں زخمی ہونیوالے 10 ہزار اسرائیلی فوجیوں کی دیکھ بھال کرنیوالا بھی کوئی نہیں، یائیر لیپڈ کا ضمنی اعتراف
اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم کے اپوزیشن رہنما یائیر لیپڈ نے غزہ کی پٹی کے خلاف مسلط کردہ صیہونی جنگ میں بری طرح زخمی ہونے والے غاصب اسرائیلی فوجیوں کی خطیر تعداد سے پردہ اٹھایا ہے۔

اپنی ایک تقریر میں اپاہج ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی ابتر صورتحال کے باعث نیتن یاہو کابینہ پر شدید تنقید کے دوران یائیر لیپڈ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جنگ (غزہ) کے آغاز سے لے کر اب تک 9 ہزار 254 فوجی اس برے طریقے سے زخمی ہو کر اپاہج ہو چکے ہیں کہ اب انہیں خدمات فراہم کرنے اور ان کی دیکھ بھال کرنے والا بھی کوئی نہیں!!

گزشتہ سال 7 اکتوبر کو شروع ہونے والے طوفان الاقصی مزاحمتی آپریشن کو 9 ماہ سے زائد کا عرصہ ہونے کو ہے جبکہ کم از کم نقصان کی پالیسی پر گامزن اسرائیلی میڈیا میں اس پراسرار و منفرد مزاحمتی آپریشن کی تفصیلات بتدریج شائع ہو رہی ہیں۔
 
غاصب صیہونیوں کے تازہ ترین انکشافات میں معروف اسرائیلی اخبار ہآرٹز (Haaretz) نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کو اس دن (7 اکتوبر کے روز) "ہنی بال" (Hannibal) پروٹوکول پر عملدرآمد کرنے کا حکم دے دیا گیا تھا کہ جس کے مطابق اسرائیلی فوج، دشمن کے ہاتھ لگ جانے والے اپنے ہی قیدیوں کو نشانہ بنا کر مار ڈالتی ہے کیونکہ اس پروٹوکول کا کہنا ہے کہ "کسی فوجی کے مارے جانے کی قیمت، اس کے پکڑے جانے سے کہیں کم ہے"!

ہآرٹز کا لکھنا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اولین حملے کے ابتدائی لمحات میں ہی سب کچھ افراتفری میں گزر گیا اور اب آہستہ آہستہ رپورٹس سامنے آ رہی ہیں درحالیکہ ابتدائی لمحات میں ان رپورٹس کی اہمیت واضح نہ تھی لیکن اب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں احساس ہو رہا ہے کہ یہ کیسا خوفناک واقعہ تھا۔

صیہونی اخبار نے لکھا کہ ایک ہسٹیریا و جنون حاکم تھا جبکہ حاصل ہونے والی دستاویزات اور گواہوں کے بیانات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس وقت "ہنی بال پروٹوکول" کو استعمال کرنے کا حکم دے دیا گیا تھا کہ جو کہتا ہے کہ فوجیوں کی گرفتاری کو روکنے کے لئے اپنے فوجیوں کو خود ہی مار ڈالنا چاہیئے!!

اسرائیلی اخبار کے مطابق یہ پروٹوکول بڑے پیمانے پر بیت حانون کراسنگ (Iriz)، رعیم (Raim) اور ناحال عوز (Nahal Oz) کے اسرائیلی فوجی اڈوں میں نافذ کیا گیا تھا کہ جن پر تب حماس کی مزاحمتی فورسز نے حملہ کر رکھا تھا تاہم یہ "خونخوار پروٹوکول" بھی سینکڑوں غاصب اسرائیلی فوجیوں کی حماس کے ہاتھوں وسیع گرفتاری کو روک نہ پایا تھا!
خبر کا کوڈ : 1146547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش