اسلم ٹائمز۔ ترک صدر نے پیر کی شام ایران کے نومنتخب صدر کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ فارس نیوز ایجنسی کے بین الاقوامی ڈیسک نے پیر کی شام خبر دی کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے ایران کے نومنتخب صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی اور دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دو روز قبل اردوغان نے اپنے ایک انٹرویو میں ایران کے صدارتی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب میں ترکی واپس پہنچوں گا تو میں پزشکیان کو فون کرکے مبارکباد دوں گا۔
مجھے امید ہے کہ مستقبل میں ایران اور ترکی کے تعلقات بہتر ہوں گے۔ ایران اور ترکی کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اردوغان نے کہا کہ ترکی کے ایران کے ساتھ خطے میں بہترین تعلقات ہیں۔ ایران ترکی کے لیے ایک اہم پڑوسی ہے اور ہمارے اس کے ساتھ طویل تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ مجھے امید ہے کہ نئے دور میں ایران اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات مثبت سمت میں مزید تیزی سے ترقی کریں گے۔