اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی جنوری 2025ء میں سستی ہونے کی نوید سنا دی۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ چین کے تعاون سے تھر کول کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے 3 روپے فی یونٹ بجلی سستی ملے گی اور اس سے 300 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ مفت بجلی دینا ممکن نہیں۔ اس موقع پر میزبان نے انہیں یاد دلایا کہ مریم نواز نے الیکشن مہم میں وعدہ کیا تھا کہ 200 یونٹ تک بجلی مفت دی جائے گی۔ اس پر اویس لغاری نے کہا کہ اگر 200 یونٹ تک والے ڈیڑھ کروڑ صارفین کو دن رات استعمال ہونے والے سولر سسٹم دے دیئے جائیں اور ان کے بجلی کے کنکشن کاٹ دیئے جائیں تو پھر یہ ممکن ہوسکتا ہے۔