اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیری شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا کیونکہ کشمیریوں نے اپنے وطن کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں، بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے مظلوم کشمیریوں پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے، کیونکہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ چاہتے ہیں جو کہ بھارت دینے سے انکاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید برہان مظفر وانی کی آٹھویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برہان مظفر وانی تحریک آزادی کشمیر کے ایک نئے باب کا عنوان ہے۔ صدر ریاست آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برہان مظفر وانی شہید کی شہادت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے لہو سے جو چراغ روشن کیا، اس سے آج پوری وادی میں چراغاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت نے اس حقیقت کو انتہا درجے پر ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں، اسلحہ کے زور پر قوموں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچلا جا سکتا، بھارت کو یہ حقیقت بھی سمجھ لینی چاہیے کہ تاریخ کو اندھا نہیں کیا جا سکتا۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی مقامی اور ہر طرح کی بیرونی مداخلت کے بغیر آگے بڑھ رہی ہے۔