0
Tuesday 9 Jul 2024 10:54

دہشت گردانہ حملوں کا حل جھوٹے وعدوں کے بجائے مضبوط کارروائی سے نکلے گا، راہل گاندھی

دہشت گردانہ حملوں کا حل جھوٹے وعدوں کے بجائے مضبوط کارروائی سے نکلے گا، راہل گاندھی
اسلام ٹائمز۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم میں پانچ فوجیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں راہل گاندھی نے کہا کہ ان حملوں کا حل کھوکھلی تقریروں اور جھوٹے وعدوں سے نہیں بلکہ مضبوط کارروائی سے نکلے گا۔ راہل گاندھی نے ایکس پر لکھا کہ جموں و کشمیر کے کٹھوعہ میں بھارتی فوج کی گاڑی پر دہشت گردانہ حملے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے آگے لکھا کہ ایک ماہ کے اندر پانچواں دہشت گرد حملہ ملک کی سلامتی اور ہمارے فوجیوں کی زندگیوں کے لئے ایک خوفناک دھچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاری دہشت گردانہ حملوں کا حل خالی تقاریر اور جھوٹے وعدوں سے نہیں بلکہ مضبوط کارروائی سے نکلے گا۔

قبل ازیں جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے کٹھوعہ ضلع میں بھارتی فوج کے قافلے پر عسکریت پسندوں کے حملے کی مذمت کی۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں غلام نبی آزاد نے نشاندہی کی کہ جموں صوبے میں دہشت گردی میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ میں عسکریت پسندوں کے ذریعہ فوج کی گاڑی پر گھات لگا کر کیے گئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں پانچ جوان ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوئے ہیں، ہمارے خیالات اور دعائیں زخمیوں کے ساتھ ہیں۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں کٹھوعہ کے مچیڈی علاقے میں آج ایک عسکریت پسندانہ حملے میں بھارتی فورسز کے پانچ جوان ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 1146636
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش