اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپو گرینڈی نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ متعدد چیلنجز کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ افغان مہاجرین کی انتہائی عزت اور وقار کے ساتھ میزبانی کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف نے کہا ہے کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کے لیے ایک پائیدار حل کو فروغ دینے میں کردار ادا کرے، افغان مہاجرین کی محفوظ اور باوقار وطن واپسی حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے مسئلے میں عالمی برادری مدد کرے ،افغان مہاجرین کی واپسی میں پاکستان کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں اور سلامتی کے خطرات کو مد نظر رکھا جائے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افغان مہاجرین کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔