0
Tuesday 9 Jul 2024 12:41

کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، حریت کانفرنس

کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ علاقے پر بھارت کا جابرانہ فوجی قبضہ عالمی برادری کے لیے ایک چیلنج ہے اور اس دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ قتل و غارت، گرفتاریاں اور پرتشدد کارروائیاں کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی گولیوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے اپنے مادر وطن کی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور وہ بی جے پی اور آر ایس ایس کو علاقے میں ہندوتوا کے منصوبے مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو شکست نہیں دے سکتی اور کشمیریوں کے پاس بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے مظالم کے باوجود بھارتی قبضے کو تسلیم نہ کرنے پر کشمیری عوام کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کے خلاف جاری عوامی جدوجہد کشمیر کی تاریخ کا سنہری باب ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزادی کی صبح دیکھیں گے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ حریت قیادت اور نوجوانوں سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کرے اور تنازعہ کشمیر کو اپنی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق حل کرے۔
خبر کا کوڈ : 1146671
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش