اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہر صورت دھرنا ہوگا، کوئی غیر قانونی ہتھکنڈا ہمیں نہیں روک سکتا۔ پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی لاہور کے جنرل سیکرٹری خالد احمد بٹ سمیت دیگر موجود تھے۔ ضیا الدین انصاری نے کہا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن نے بجلی کے بلوں اور مہنگائی میں اضافے کیخلاف 12 جولائی کو دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے، لاہور کے باسی بھی آسلام آباد میں ہونیوالے دھرنے میں بھرپور شرکت کریں گے۔
ضیا الدین انصاری نے کہا کہ 9 ، 10 اور11 جولائی کو لاہور میں مختلف مقامات پر آگاہی کیمپ لگائے جائیں گے، ان آگاہی کیمپس میں لوگوں کو دھرنے میں شرکت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو بجٹ دیا ہے، اس کے بعد آج مہنگائی کا طوفان آ چکا ہے، حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث آج گندم پھر سے مہنگی ہو رہی ہے، غلط پالیسیوں کے باعث اب چینی کا بحران بھی سر اٹھا رہا ہے، اس وقت جو حکومت برسر اقتدار ہے یہ جعلی حکومت ہے، جعلی حکومت کی جعلی اور عوام کش پالیسیوں کی ڈٹ کر مخالفت کریں گے۔