0
Tuesday 9 Jul 2024 20:25

محرم سے متعلق ضلعی انتظامیہ کے اجلاسوں کے مثبت ثمرات نظر نہیں آ رہے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

محرم سے متعلق ضلعی انتظامیہ کے اجلاسوں کے مثبت ثمرات نظر نہیں آ رہے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی عزاداری ہمارا بنیادی و آئینی حق ہے۔ محرم الحرام کے دوران پاکستان میں کروڑوں شہری، جبکہ کوئٹہ میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ مجالس اور جلوس عزاء میں شرکت کرتے ہیں۔ جن کے لئے انتطامیہ اور متعلقہ ادارے سیکیورٹی، صفائی اور دیگر سہولیات کے مناسب انتظامات کریں۔ محرم سے قبل مختلف محکمے سر جوڑ کر بیٹھ جاتے ہیں، مگر چھوٹے چھوٹے مسائل حل ہوتے نظر نہیں آتے۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں علمدار روڈ، ہزارہ ٹاؤن، سیٹلائٹ ٹاؤن اور میکانگی رڈ کے مختلف مقامات پر مجالس عزاء کے موقع پر مناسب انتظامات نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن امام بارگاہوں اور عزاء خانوں میں عزاداری کا انعقاد کیا جاتا ہے اس سال بعض انتظامات میں غفلت دیکھی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے محرم سے قبل اجلاس پر اجلاس بلا رہے تھے، تاہم ان کے مثبت ثمرات نظر نہیں آ رہے ہیں۔

انہوں نے مختلف مقامات پر خواتین کی مجالس عزاء کی سیکیورٹی کے لئے مرد پولیس اہلکاروں کی تعیناتی پر بھی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی انتظامیہ کو متوجہ کروایا گیا تھا کہ خواتین کی مجالس میں خواتین اہلکاروں کو تعینات کیا جائے، تاہم انتظامیہ تعاون سے گریز کر رہی ہے، جو قابل تشویش ہے۔ پولیس کے محکمہ میں خواتین اہلکار اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں، جنکی ڈیوٹی خواتین کی مجالس میں لگائی جا سکتی ہے۔ آئی جی پولیس، ڈی آئی جی کوئٹہ اور پولیس کی اعلیٰ قیادت اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے خواتین کی مجالس میں خواتین اہلکار تعینات کرنے کے احکامات دیں۔ علامہ علی حسنین نے مزید کہا کہ صفائی کے انتظامات میں بہتری، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی سمیت دیگر مسائل پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے، جبکہ ہزارہ ٹاؤن و مختلف علاقوں میں پانی کے مسائل بھی حل نہیں کئے گئے ہیں۔ حکومت متعلقہ محکموں سے جواب طلب کرکے انہیں پابند کرے کہ مجالس عزاء کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ ہو، جبکہ دیگر سہولیات بھی جلد از جلد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسین (ع) کی عزاداری ہم سب کا آئینی حق ہے۔ جس میں تمام اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 1146743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش