اسلام ٹائمز۔ مجلس علماء پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مقدس ماہ میں امن قائم رکھنا قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اتحاد بین المسلیمن، احترام، انسانیت، بین المذاہب ہم آہنگی اور پیغام پاکستان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوام قیام امن کے لئے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ عوام تعاون کریں۔ یہ بات مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا انوارالحق حقانی، قاری مہراللہ، علامہ سید ہاشم موسوی، پادری سائمن بشیر اور دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان متحد ہے اور ہمیشہ متحد رہے گا۔ دشمن طاقتوں کا ناپاک ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔ دشمن طاقتیں ہمیں لڑا کر انتشار پیدا کرکے کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا مقصد اپنے ناپاک ایجنڈے اور سازشوں کو کامیاب کرنا ہے، جوکہ ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم اسلام کے پیغام اخوت، محبت، روداری اور اتحاد کو سامنے رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد وحدت ہمارا دینی اور ایمانی سرمایہ ہے۔ ہم سب مسلمان ہیں اور ایک ہی کلمہ پڑھتے ہیں۔ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہی حاصل کیا گیا تھا۔ آج پاکستان کو پہلے سے زیادہ اتحاد و استحکام اور بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ ہم نے اپنے اتحاد اور داخلی استحکام کے ذریعے دشمن کو شکست دینی ہے۔ علماء کرام سے اپیل ہے کہ محرم الحرام میں خصوصی طور پر دشمن کی سازشوں پر نظر رکھیں۔ انتشار اور عدم استحکام کی ہر سازش کو اپنے اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ناکام بنا دیں۔ اتحاد بین المسلمین، استحکام پاکستان اور پیغام پاکستان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسلام کا پیغام بھی ہم سب کو متحد رکھنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام ایماندار اور محب وطن ہیں اور پیغام پاکستان پاکستان کا وہ بیانیہ ہے جس کو ہم ہر گھر کی آواز بنادیں گے۔ پیغام پاکستان کی روشنی میں جو ضابطہ اخلاق تیار کیا گیا ہے۔ اس کو عام کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے علماء کرام ممبر و محراب سے آگاہی کو پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس اور علماء کرام محرم الحرام میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے افواج پاکستان، پولیس، انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کا ساتھ دیں۔