اسلام ٹائمز۔ طالبانی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ملکی پولیس کابل سمیت تمام صوبوں میں عشرۂ محرم الحرام اور خصوصا یوم عاشوراء کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے "خصوصی حفاظتی اقدامات" اٹھا رہی ہے۔
آج جاری ہونے والے اپنے ایک بیان طالبانی وزارت داخلہ نے عوام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ طالبان سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں تاکہ بہتر سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔
اپنے بیان میں طالبانی وزارت داخلہ نے ایسی تصاویر بھی شائع کیں کہ جن میں طالبانی افواج کو کابل کے مغرب میں واقع اہل تشیع علاقوں میں سکیورٹی فراہم کرتے دکھایا گیا ہے تاہم طالبانی وزارت داخلہ نے محرم الحرام کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔
قبل ازیں افغانستان شیعہ علماء کونسل نے طالبان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ محرم الحرام کی دس روزہ تقریبات کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں اور اس دوران کسی بھی قسم کے خلل و عدم تحفظ کا سدباب کریں۔