اسلام ٹائمز۔ منگل کی شام ترک وزارت خارجہ نے خان یونس میں واقع اسکولوں پر حملے میں صیہونی حکومت کے جرم کی مذمت کی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق ترکی کی وزارت خارجہ نے منگل کی شام ایک بیان جاری کرکے خان یونس میں سکولوں پر حملے میں صیہونی حکومت کے جرم کی مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیل کی طرف سے غزہ کے شہر خان یونس میں ایک اسکول میں جہاں فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی ہے، درجنوں معصوم شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ "اناتولی" خبر رساں ایجنسی کے مطابق انکارا نے وضاحت کی کہ گذشتہ چار دنوں میں خان یونس میں 4 اسکولوں کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیل فلسطینی عوام کو تباہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
بیان میں زور دیا گیا کہ غزہ کی پٹی میں اسکولوں پر حالیہ حملوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیتن یاہو حکومت جنگ بندی کے مذاکرات کو نقصان پہنچانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وزارت نے کہا کہ اسرائیلی حکام کو ان اقدامات کے لیے قانون کے سامنے جوابدہ ٹھہرایا جائے گا، جو تمام انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ چند گھنٹے قبل قابضین نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع شہر خان یونس میں ایک بھیانک جرم کا ارتکاب کیا اور ایک اسکول پر فضائی حملہ کرکے 29 فلسطینیوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا۔